ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 5دسمبر کا بند روک کر دکھائیں: ایڈی یورپا کوواٹال ناگراج کا چیلنج

5دسمبر کا بند روک کر دکھائیں: ایڈی یورپا کوواٹال ناگراج کا چیلنج

Sun, 29 Nov 2020 10:46:08    S.O. News Service

بنگلورو،29؍نومبر(ایس او  نیوز) کنڑا چلولی لیڈر اور سابق رکن اسمبلی واٹال ناگراج نے وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا کو چیلنج کیا ہے کہ 5ڈسمبر کو کنڑا تنظیموں نے حکومت کرناٹک کی طرف سے مراٹھا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام کے سلسلہ میں جو قدم اٹھایا ہے اس کے خلاف کرناٹک بند منانے کا جو اعلان کیاہے اس کو ناکام بنا کر دکھائیں۔

شہر کے کرشنا راجہ پورم میں مجوزہ بند کے متعلق بیداری پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے واٹال ناگراج نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کرناٹک میں کنڑیگاؤں کے مفادات کو قربان کرکے مراٹھا عوام کو خوش کرنے کی جو کوشش کی جا رہی ہے وہ کرناٹک کے ساتھ غداری کے مترادف ہے حکومت کی اس کوشش کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کرناٹک کے عوام پر زیادتی کرتے ہوئے مراٹھی لوگوں کی ترقی کے لئے جو قدم اٹھایا جا رہا ہے اس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ اس وقت تک رکنے والا نہیں ہے جب تک کہ حکومت مراٹھا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام سے دستبردار ہوجانے کا اعلان نہیں کردیتی۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا پر الزام لگایا کہ وہ کرناٹک کہ واحد وزیر اعلیٰ ہیں جو ریاست اور علاقائی زبان کے مفادات کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے ایڈی یورپا کے ہی دور میں بنگلورو کے السور علاقے میں شدید مخالفت کے باوجود تمل شاعر تروولور کا مجسمہ نصب کیا گیا اب ایک بار پھر کرناٹک کے مفادات کو نقصان پہنچاتے ہوئے ایڈی یورپا مراٹھا ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کرنے جا رہے ہیں۔

واٹال ناگراج نے کہا کہ 5ڈسمبر کو جو کرناٹک بند منایا جا رہا ہے اس کو غیر معمولی کامیابی ملنے کی امید ہے۔ ریاست کے عوام حکومت کے عوام دشمن فیصلہ کے خلاف متحد ہو کر اس احتجاج کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کرناٹک میں مراٹھوں کی ترقی کے لئے کام کر کے کنڑیگا عوام کے صبر کا امتحان لینے کی کوشش کر رہے ہیں جو ان کو بہت مہنگی پڑنے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 5دسمبر کے مجوزہ بند کو اب تک 1400سے زائد تنظیموں نے حمایت دینے کا اعلان کیا ہے اس لئے وہ یقین کے ساتھ کہتے ہیں کہ یہ بند ریاست کا اب تک کا سب سے موثر بند ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس بند کے بعد بھی اگر حکو مت نے اس اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ واپس نہیں لیا تو اس کے خلاف جیل بھرو تحریک شروع کی جائے گی۔


Share: